لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب میں اربن فلڈنگ اور سیلابی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامع فلڈنگ پلان طلب کر لیا اور اربن فلڈنگ روکنے کے لیے جدید مشینری کی خریداری کی منظوری دے دی۔
انہوں نے موٹرویز، ہائی ویز اور ریلوے ٹریک کے نیچے موجود سیلابی راستوں کی صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں بارش کے پانی کے نکاس کے لیے گرین بیلٹس کا لیول نیچے کرنے کے منصوبے کی منظوری بھی دی گئی۔
مزید برآں، اربن فلڈنگ سے متاثرہ شہروں میں پانی ذخیرہ کرنے کے لیے اسٹوریج ٹینک بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ شہروں میں بارش کے دوران راستے ڈوبنے کی بڑی وجہ ناقص سیوریج نظام ہے، جسے بہتر بنانا وقت کی ضرورت ہے۔