• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیلتھ سیکرٹریٹ،غیر متعلقہ پوسٹوں سےاہلکار اصل شعبہ جات میں بھیجنے کا عمل مکمل

پشاور (خصوصی نامہ نگار) مشیر صحت احتشام علی کی ہدایت پر محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے سالوں سے ہیلتھ سیکرٹریٹ میں غیر متعلقہ پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کو ان کے اصل شعبہ جات میں واپس بھیجنے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ مشیر صحت کا کہنا ہے کہ ہر ملازم اپنی اصل پوسٹ پر خدمات انجام دے گا اور ہر عہدے پر متعلقہ کوالیفکیشن رکھنے والا اہلکار تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر ختم ہونا چاہئے کہ سیکرٹریٹ میں کوئی قابل فرد موجود نہیں اگر ضرورت پڑی تو ان پوسٹوں پر تعیناتی کے لئے انٹرویوز کے ذریعے میرٹ پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق 17 اہلکاروں کو ہیلتھ سیکرٹریٹ سے ری پیٹریٹ کیا گیا ہے، جن میں گریڈ 18 کے ایک، گریڈ 17 کے دو، گریڈ 16 کے چھ، اور گریڈ 11 کے آٹھ اہلکار شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 18 کے ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کے فارماسسٹ، جو ڈپٹی سیکرٹری ڈرگز اور سیکرٹری فارمیسی کونسل کے طور پر تعینات تھے، کو واپس ان کے اصل محکمے میں بھیج دیا گیا ہے۔ اسی طرح گریڈ 17 کے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سپرنٹنڈنٹ کو بھی اپنے متعلقہ شعبوں میں بھیجا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 16 اور گریڈ 11 کے دو کمپیوٹر آپریٹرز، تین اسسٹنٹس، اور سات جونیئر کلرکوں کو بھی ان کے متعلقہ محکموں میں واپس بھیج دیا گیا ہے۔
پشاور سے مزید