ڈیلس(رپورٹ:راجہ زاہد اختر خانزادہ) ڈیلس میں پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں، پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی، سمیت دیگر ہم خیال جماعتوں کے رہنماؤں نے امریکہ کی پاکستانی سیاست اور معاملات میں مداخلت اور پاکستان مخالف تنظیموں کے پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دینے کیلئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کو اسٹینڈ وِد پاکستان کا نام دیا گیا ہے۔مشترکہ اجلاس میں طے پایا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد سیاسی تفریق سے بالاتر ہو کر پاکستان کے حق میں ایک مؤثر آواز بلند کرنا ہے۔ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ امریکی کانگریس اور سینیٹ کے ان اراکین کو حقائق سے آگاہ کیا جائے گا جو پاکستانی سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں یا پاکستان کے حوالے سے غلط بیانی کا شکار ہیں۔اجلاس میں ساؤتھ ایشیا ڈیمو کریسی واچ کے بورڈ ممبر سید فیاض حسن، پاکستان مسلم لیگ آزاد کشمیر اورسیز کے صدر عابد ملک، پاکستان پیپلز پارٹی امریکہ کے سینئر نائب صدر امتیاز پیرزادہ ،مسلم لیگ ٹیکساس کے صدر سبیل عباسی، ڈیلس پیس اینڈ جسٹس سینٹر کے صدر آفتاب صدیقی، نعیم چوہدری، عامر میمن، افتخار درپن، اشفاق چوہدری، اور محمد اے بھٹی نے شرکت کی۔ رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ 8 دسمبر کو ڈیلس ڈاؤن ٹاؤن میں کینڈی میوزیم کے سامنے، گراسی نول پر شام 2سے 4بجے تک مظاہرہ کیا جائے گا۔ مظاہرے کا مقصد ان اراکین کانگریس اور سینیٹ کے خلاف احتجاج کرنا ہے جو پاکستانی سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں اور پاکستان کا منفی چہرہ پیش کر رہے ہیں۔