ڈیلس میں پاکستان کی 2 بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر ہم خیال جماعتوں کے رہنماؤں نے امریکی سیاست میں پاکستانی معاملات میں مداخلت اور پاکستان مخالف تنظیموں کے پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دینے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیا ہے۔
اس پلیٹ فارم کو ’اسٹینڈ وِد پاکستان‘ کا نام دیا گیا ہے۔
مشترکہ اجلاس میں طے پایا ہے کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد سیاسی تفریق سے بالاتر ہو کر پاکستان کے حق میں ایک مؤثر آواز بلند کرنا ہے۔ یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ امریکی کانگریس اور سینیٹ کے ان اراکین کو حقائق سے آگاہ کیا جائے گا جو پاکستانی سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں یا پاکستان کے حوالے سے غلط بیانی کا شکار ہیں۔
اجلاس میں ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے بورڈ ممبر سید فیاض حسن، پاکستان مسلم لیگ آزاد کشمیر اوورسیز کے صدر عابد ملک، پاکستان پیپلز پارٹی امریکا کے سینئر نائب صدر امتیاز پیرزادہ، مسلم لیگ ٹیکساس کے صدر سبیل عباسی، ڈیلس پیس اینڈ جسٹس سینٹر کے صدر آفتاب صدیقی، نعیم چوہدری، عامر میمن، افتخار درپن، اشفاق چوہدری اور محمد اے بھٹی نے شرکت کی۔
ان رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ 8 دسمبر کو ڈیلس ڈاؤن ٹاؤن میں کینڈی میوزیم کے سامنے گراسی نول پر شام 2 سے 4 بجے تک مظاہرہ کیا جائے گا۔ جس کا ایڈریس The Grassy Knoll 411 Elm St, Dallas, TX 75202 ہے۔
مظاہرے کا مقصد ان اراکین کانگریس اور سینیٹ کے خلاف احتجاج کرنا ہے جو پاکستانی سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں اور پاکستان کا منفی چہرہ پیش کر رہے ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ اسٹینڈ وِد پاکستان‘ کا وسیع مقصد اس پلیٹ فارم کے ذریعے امریکا کی مختلف ریاستوں میں محب وطن پاکستانیوں کو متحرک کرنا ہے۔
اس اقدام کے ذریعے نہ صرف کمیونٹی کو متحرک کیا جائے گا بلکہ پاکستان کے خلاف امریکا میں جاری منفی پروپیگنڈے کا بھی مؤثر جواب دیا جائے گا۔
مزید یہ کہ کانگریس اور سینیٹ کی فارن ریلیشن کمیٹی کے اراکین کو خطوط ارسال کیے جائیں گے تاکہ پاکستان کے حوالے سے انہیں اصل حقائق سے آگاہ کیا جا سکے۔