اسلام آ باد (رانا غلام قادر) ریاست کیخلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کرنے والوں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ریاست پاکستان کیخلاف مذموم پروپیگنڈا میں ملوث افراد کی شناخت کیلئے جوائنٹ ٹاسک فورس قائم کردی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے10 رکنی مشترکہ ٹاسک فورس تشکیل دینے کی منظوری دیدی ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے جوائنٹ ٹاسک فورس کی سربراہی کرینگے۔آئی ایس آئی، ایم آئی کے نمائندےاور جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی ٹاسک فورس میں شامل ہونگے۔ جوائنٹ سیکرٹری داخلہ، جوائنٹ سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات، ڈائریکٹر سائبر ونگ ایف آئی اے ،ڈائریکٹر آئی ٹی وزارت آئی ٹیٗ اور ڈی آئی جی پولیس اسلام آباد بھی ٹاسک فورس کے ممبرز ہونگے۔ ضرورت کے تحت کسی اور افسر کو بھی شامل کیا جا سکے گا۔ جوائنٹ ٹاسک فورس کیلئے تین نکاتی ٹی او آرز بھی طے کر لیے گئے۔ ٹاسک فورس 24 سے 27 نومبر تک جاری رہے والے حالیہ احتجاج میں شریک شر پسندوں کے بارے میں جھوٹی اور گمراہ کن خبریں پھیلانے والے بشمول میڈیا کمپین میں ملوث افراد اور گروپس اور تنظیموں کی نشاندہی کریگی۔ ٹاسک فورس ملک کے اندر اور بیرون ملک مذمو م مہم چلانے والے ان افراد اور گروپس کی نشاندہی کریگی اور انہیں ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا ئیگا۔ جوائنٹ ٹاسک فورس پالیسی میں موجود خامیاں دور کرنے کیلئے اقدامات تجویز کریگی۔ٹاسک فورس دس دنوں میں اپنی سفارشات مرتب کرکےحکومت کوپیش کریگی تاکہ مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ وزیر اعظم آفس کی ایڈیشنل سیکرٹری سارہ اسلم نے جوائنٹ ٹاسک فورس کی تشکیل کا مراسلہ جاری کردیا ہے۔ مراسلہ تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو بھجو ادیاگیا ہے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی اور توڑ پھوڑ کے حالیہ واقعات کے بعد ریاست پا کستان کو بالعموم اور فورسز کو بالخصوص بدنام کرنے کی بھرپور مذموم مہم شروع کی گئی ہے۔ ملکی اور بیرون ملک میڈیاسے مختلف میڈیا پلیٹ فارمز کو من گھڑت اور بے بنیاد خبریں پھیلانے کیلئے استعمال کیا جا ر ہا ہے جس میں ریاستی اداروں پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ور زیوں کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ اس مہم کا مقصد یہ ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال پیدا کی جا ئے اور مخصوص سیا سی مفادات کیلئے صو بائی اور لسانی تعصبات کو ابھارا جائے۔ اس مذموم مہم میں ملوث مجرمان بیرون ملک لوگوں کو متوجہ کرنے کیلئے جعلی پرتشدد امیجز اور مواد کو استعمال کر رہے ہیںجن کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا جھوٹا تاثر دیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم نے اس مذموم مہم میں ملوث افراد کو بے نقاب کرنے کیلئے ٹاسک فورس بنا نے کی ہدایت کی۔