اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان کاآئینی بینچ آج (سوموار)کے روز آڈیو لیک کیس کی سماعت کرے گا جبکہ بینچ بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف دائر درخواستوں پر بھی سماعت کرے گا۔ آئینی بینچ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتمادکے دوران پارلیمانی پارٹی کے فیصلہ کے خلاف ارکان قومی اسمبلی کے دیئے گئے ووٹوں کوکالعدم قراردینے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ جبکہ بینچ چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کی 10جولائی 2024 کو جاری نوٹیفیکیشن کے تحت تعیناتی کے خلاف دائر د رخواست پر سماعت کرے گا۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میںجسٹس جمال خان مندوخیل،جسٹس محمدعلی مظہر، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل6 رکنی آئینی بینچ فائنل کاز لسٹ میں شامل 10کیسز کی سماعت کرے گا۔آئینی بینچ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لئے 19مئی2023کو جاری نوٹیفکیشن کو آئین پاکستان کے خلاف قراردینے کے لئے دائر5درخواستوں پر سماعت کرے گا۔