کراچی( سید محمد عسکری) انٹر نیٹ کی رفتار آہستہ ہونے کے باعث ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے امیدواروں کو ایڈمٹ کارڈ کے اجراء میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جنگ کو کئی امیدواروں نے بتایا کہ آئی بی اے سکھر کی ویب سائٹ سے ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ نہیں ہو پارہا ہے کیونکہ نیٹ کی رفتار انتہائی سست ہے جب کہ موبائل ڈیٹا 3G ہونے کے باعث ڈاؤن لوڈ میں دشواری ہورہی ہے۔ آئی بی اے سکھر کی کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ نے ککا کہ انٹرنیٹ کے مسائل کی وجہ سے ویب سائٹ پر مسائل آ رہے ہیں، یہ مسئلہ پی ٹی اے کی طرف سے ہے تاہم ہم امیدواروں کے ای میل پر ایڈمٹ کارڈ بھیج دیں گے۔ قبل ازیں آج بی اے سکھر نے اعلان کیا تھا کہ امیدواروں کے لیے آئی بی اے سکھر کی ویب سائٹ مکمل کام کر رہی ہے، امیدواروں کے پورٹل اپ ڈیٹ ہو گئے ہیں۔ انتظامیہ نے کہا کہ انٹرنیٹ کے مسائل کے باعث ویب سائٹ پر مسائل آ رہے تھے، وائس چانسلر آئی بی اے سکھر کا پی ٹی اے انتظامیہ سے رابطہ ہوا تھا۔ آئی بی اے سکھر کے تحت ٹیسٹ اتوار 8 دسمبر 2024کو کراچی، حیدرآباد، جامشورو، نوابشاہ، لاڑکانہ، اور سکھر میں ایک ہی وقت میں شروع کیا جائے گا۔امتحانی مرکز میں امیدواروں کی رپورٹنگ کا وقت صبح 8:30بجے ہوگا۔ٹیسٹ 200کثیر انتخابی سوالات (MCQs) پر مشتمل ہوگا جب کہ ٹیسٹ کا دورانیہ 3گھنٹے اور 30 منٹ ہوگا۔ آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز نے درخواست دہندگان کو ان کے رجسٹرڈ پر ایس ایم ایس الرٹ بھیج دیا ہے۔موبائل نمبرز اور ای میل شدہ ایڈمٹ کارڈز ان کے رجسٹرڈ ای میل پتوں پر، جیسا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) پورٹل پر فراہم کیا گیا ہے۔ رجسٹریشن کے دوران. درخواست دہندگان اب اپنی ایڈمٹ سلپس ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔