کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان میں ہونے والے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا اجلاس میں بھارت سے آئندہ سال ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی گئی۔ اجلاس میں یہ نکتہ اٹھایا گیا کہ بھارت پاکستان ٹیم کو ویزے نہیں دیتا، سیاسی کشیدگی ختم ہونے تک پاکستان اور بھارت کو انٹرنیشنل بلائنڈ کرکٹ کی میزبانی نہیں دی جائے گی ۔ دونوں ممالک اپنے انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل مقام پر کرائیں۔ اجلاس میں بھارتی بلائنڈ ٹیم کے نہ آنے پر گرما گرم بحث ہوئی ۔ واضح رہے کہ 2022 کے بلائنڈ ورلڈ کپ کے لئے پاکستان ٹیم کو بھارت نے ویزے نہیں دیے تھے۔ اجلاس میں پاکستان کے سید سلطان شاہ کو دو سال کیلئے کونسل کا چیئرمین برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، آئندہ تین سال کیلئے انتخاب بھی عمل میں لائے گئے۔ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے 26 ویں جنرل کونسل اجلاس میں آسٹریلیا، جنوبی افریقا، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور افغانستان کے کرکٹ بورڈز کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سے عہدیداران نے بذریعہ آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔ صدر منتخب ہونے کے بعد سید سلطان شاہ نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ میں نئی اصلاحات متعارف کرنے اور امریکہ، کینیا سمیت دیگر ممالک میں بلائنڈ کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔