اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کے 53ویں قومی دن کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں ترقی کی بے مثال منازل طے کی ہیں،وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کہا ہے کہ ہمیں متحدہ عرب امارات کے ترقی اور خوشحالی کے شاندار سفر پر فخر ہے جو شیخ زاید بن سلطان النہیان مرحوم کی دانشمندی اور فہم و فراست کی وجہ سے ممکن ہوا۔ انہوں نے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد! ۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے یو اے ای کی قیادت اور عوام کو قومی دن کی خوشیوں پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مثالی اور برادرانہ ہیں۔