• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وکرانت میسے کا ’ریٹائرمنٹ پوسٹ‘ پر وضاحتی بیان آگیا

وکرانت میسے - فوٹو: فائل
وکرانت میسے - فوٹو: فائل

اپنے حیران کن ’ریٹائرمنٹ پوسٹ‘ سے مداحوں کو چونکا دینے والے وکرانت میسے نے ایک دن بعد اب وضاحت دی ہے۔

12ویں فیل کے اداکار نے واضح کیا کہ وہ اداکاری کو خیرباد نہیں کہہ رہے بلکہ اپنی صحت اور خاندان کو ترجیح دینے کےلیے وقفہ لینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا، ’اداکاری وہ واحد چیز ہے جو میں کر سکتا ہوں، اور اسی نے مجھے سب کچھ دیا ہے لیکن میری جسمانی اور ذہنی صحت متاثر ہوئی ہے۔ میں کچھ وقت اپنے لیے چاہتا ہوں تاکہ اپنی زندگی کو بہتر بناؤں۔ اس وقت میں خود کو تھوڑا یکسانیت کا شکار محسوس کر رہا ہوں۔‘

وکرانت میسے نے مزید کہا، ’میری پوسٹ کی غلط تشریح کی گئی کہ میں اداکاری چھوڑ رہا ہوں۔ حقیقت یہ ہے کہ میں وقفہ لے رہا ہوں تاکہ اپنی صحت اور خاندان پر توجہ دے سکوں۔ میں اس وقت واپس آؤں گا جب مجھے لگے گا کہ وقت صحیح ہے۔‘

قبل ازیں، ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا، ’میں ریٹائر نہیں ہو رہا ہوں، بس تھک گیا ہوں۔ مجھے ایک طویل وقفہ چاہیے۔ مجھے گھر کی یاد آتی ہے اور صحت بھی کچھ مسائل کا شکار ہے۔ لوگوں نے میرے سوشل میڈیا پوسٹ کو غلط سمجھ لیا ہے۔‘

وکرانت میسے نے اپنے مداحوں کو اس وقت حیران کر دیا جب انہوں نے 2025 کو اپنا آخری فلمی سال قرار دیا۔ انکا کہنا تھا کہ ’گزشتہ چند سال میرے لیے شاندار رہے ہیں۔ میں آپ سب کا شکرگزار ہوں، لیکن اب مجھے محسوس ہوتا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ میں رکوں اور بطور والد، شوہر اور بیٹا، گھر واپس جاؤں۔‘

انٹرٹینمنٹ سے مزید