اسلام آباد (فاروق اقدس) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مظاہرین کو دارالحکومت میں کھلی چھوٹ دینے کے متحمل نہیں ہوسکتے تھے اور مظاہرین کے ریڈزون میں داخل ہونے کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا۔ پی ٹی آئی کی تاریخ ہے ان کا کوئی احتجاج یا ریلی پر امن نہیں رہی لیکن قانون کے مطابق ریڈ زون میں کوئی احتجاج نہیں کیا جاسکتا۔ بدھ کو اسلام آباد میں متعین غیر ملکی سفیروں، ہائی کمشنرز اور اعلیٰ سفارتی حکام سے گفتگو کرتے ہوئے اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ 24 نومبرکو غیر ملکی وفد پاکستان کے دورے پر تھا اور ایسے موقع پر ایک جماعت نے حیران کن طور پر احتجاج کا اعلان کیا۔ ماضی میں بھی اسی جماعت نے انتخابات میں دھاندلی کے الزام پر احتجاج کیا اور 35 پنکچر کا بیانیہ بنایا لیکن کمیشن نے دھاندلی کے دعوے جھوٹے قرار دیے تاہم پی ٹی آئی قیادت نے معاہدے کے مطابق غلط الزام کی معافی نہیں مانگی۔ انہوں نے غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ میں بتایا کہ اسلام آباد ریڈ زون کی سکیورٹی ہماری ترجیح رہی ہے، ریڈ زون کی سکیورٹی سے متعلق خصوصی قوانین نافذ کیے گئے، اسلام آباد میں کسی بھی احتجاج کے لیے مقامات کا تعین کیا گیا ہے، قانون کے مطابق ریڈ زون میں کوئی احتجاج نہیں کیا جاسکتا، سکیورٹی فورسز کے پاس آتشیں اسلحہ نہیں تھا، صرف آنسوگیس، واٹرکینن اور لاٹھیاں تھیں جب کہ سفارتی مشنز اور اہم عمارتوں کے تحفظ کے لیئے آرٹیکل 245 کے تحت فوج تعینات کی۔