• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی کارکردگی کی بڑی وجہ ادارے اسکے ساتھ ہیں، طلال چوہدری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما ن لیگ، سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ادارے اس کے ساتھ ہیں،سینئرصحافی و تجزیہ کار، منیب فاروق نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ یا اس پورے نظام کی پالیسی تبدیل ہوتی نظر نہیں آرہی۔ پی ٹی آئی کی سودے بازی کی پوزیشن کمزور ہوچکی ہے،بشریٰ بی بی کے باہر نکلنے میں جن لوگوں نے گارنٹی دی ان سے جواب طلبی ہورہی ہے۔ لاہور میں تحریک انصاف کے لوگ باہر نہیں نکلے،نمائندہ جیو نیوز،شبیر ڈار نے کہا کہ بیرسٹر گوہر خان اورعلیمہ خان کے مابین بڑی تلخی ہوئی ہے۔اس بات کو لے کر کہ ڈی چوک میں کارکنان کی جو شہادتیں ہوئیں۔ان کے اعداد وشمار پر علیمہ خان بیرسٹر گوہر خان سے پوچھ رہی تھیں آپ نے صرف12 شہادتوں کا کیوں کہا۔ جس پر بیرسٹر گوہر خان نے ان کو بتایا کہ 12 شہادتوں کا میں نے اس لئے ذکر کیاکیوں کہ ہمارے تصدیق شدہ تفصیلات صرف 12 شہادتیں ہیں۔جن لوگوں کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی میں کیسے کہہ دوں کہ سیکڑوں شہادتیں ہوئی ہیں۔ سینئر رہنما ن لیگ، سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ادارے اس کے ساتھ ہیں۔ پی ٹی آئی سے مذاکرات کی بات کریں تو وہ سمجھتے ہیں ہم کمزوری دکھا رہے ہیں۔اسلام آباد پر چڑھائی یا این آر او کے لئے بات چیت نہیں ہوسکتی۔تمام بڑے فورم پر پی ٹی آئی کی نمائندگی موجود ہے۔ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا موجود ہوتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے این آر او کے لئے اپنی پوری جماعت یرغمال بنالی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ ایک طرف اور پارٹی دوسری طرف ہے۔غریب کارکنوں کی گرفتاری کے مجرم انہیں چھوڑ کر بھاگنے والے رہنما ہیں۔
اہم خبریں سے مزید