اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی ہے کہ سرینا چوک انڈر پاس اور ایف نائن انٹر چینج پراجیکٹ کو تیزی سے مکمل کیا جا ئے ۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز ان پراجیکٹس کی انسپکشن کے موقع پر دی۔ دریں اثناء چیئرمین سی ڈی اے نے ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں پبلک اور کمرشل گاڑیوں کو الیکٹرکل وہیکلز پرمنتقل کرنے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں میٹرو اور ای وی بسوں اور ان کے بس اسٹیشنز پر ڈیجیٹل اشتہارات کے حوالے سے تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے بسوں اور بس اسٹیشنز پر ڈیجیٹل اشتہارات متعارف کرانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اشتہارات سے ریونیو میں اضافہ ہوگا اور سبسڈی پر انحصار کو کم کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے اسلام آباد میں تمام اداروں اور تنظیموں بشمول اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر بسوں کو ای وی بسوں میں تبدیل کرنے پر کام کرے گا۔