کراچی(عبدالماجدبھٹی)آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کا معاملہ ابھی تک تصفیے کی جانب بڑھ نہیں سکا ہے،تاہم انٹر نیشنل کرکٹ کونسل،پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان بات چیت ہورہی ہے۔ہفتے کو ہونے والی میٹنگ ایک بار پھر نہ ہوسکی تاہم تینوں فریقوں کو امید ہے کہ درمیانی راستہ نکال کر اس مسئلے کو حل کیا جائےگا۔ہفتے کی شام لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ چمپئنز ٹرافی کے حوالے سے آج کا اجلاس ملتوی ہو گیا،بات چیت چل رہی ہےاور پیش رفت ہورہی ہے، آنے والے دنوں میں قوم کی توقعات سے بڑھ کر فیصلہ ہوگا، ملک میں تمام گراؤنڈز کی حالت جلد بہتر ہوجائے گی، جیسے ہی چیزیں حتمی طور پر طے ہوجائیں گی سب بتادیا جائے گا شرائط پر کوئی بات نہیں ہوگی ابھی بات چیت چل رہی ہے۔کچھ باتیں درست اور کچھ غلط رپورٹ ہورہی ہیں جن کی تفصیلات میں نہیں جاناچاہتا۔نہ کوئی بات کرکےمیں کسی چیز کو خراب نہیں کرنا چاہتا ، فیصلہ آئی سی سی نے کرنا ہے وہی اعلان کرے گا۔ آئی سی سی ترقی کرے گی تو دنیا میں کرکٹ کو اس کا فائدہ ہوگا۔اگر ایسا نہیں ہو گا تو دنیا کی کرکٹ کو دھچکالگے گا میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، پاکستان معاملے پر مثبت کردار ادا کررہا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں فیصلوں کی منظوری کے بعد ہی حتمی بات کی جائے گی، کچھ چیزیں حقیقت پر مبنی نہیں، ہم پاکستان اور بین الاقوامی کرکٹ کے لیے بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس وقت بات چیت چل رہی ہے کسی بھی چیز پر تبصرہ نہیں کروں گا، اگر آئی سی سی کام کرے گا تو پوری دنیا کی کرکٹ بہتر ہوگی، آئی سی سی میٹنگ میں ایسی کسی شرط پر بات نہیں کرسکتا جو قبل از وقت ہو۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کئی دنوں سے دبئی میں ہیں اور آئی سی سی حکام سے شرائط پر بات کررہے ہیں۔چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد بھی دبئی جارہے ہیں۔دونوں افسران چیئرمین کی مشاور ت سے بات چیت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی سے متعلق آئی سی سی کا اہم اجلاس ہفتےکو ہونا تھا جس میں ٹرافی کی میزبانی اور شیڈول سے متعلق چیزوں کو طے کرنا تھا۔آئی سی سی میٹنگ ایک بار پھر ملتوی ہو گئی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے مزید مطالبات کا جواب اپنی حکومت سے لیکر آئی سی سی کو دینا تھا لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں آیا جس کی وجہ سے آئی سی سی کا اجلاس ملتوی ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بات طے ہے کہ چیمپنز ٹرافی فیوژن ماڈل پر ہوگی۔بھارت اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلے گا۔بھارت کی وجہ سے ایک سیمی فائنل اور فائنل دبئی میں ہوں گے اگر بھارت فائنل میں کوالی فائی نہیں کرتاتو فائنل دبئی کی بجائے لاہور میں ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملات حتمی مرحلے میں ہیں لیکن پاکستان کے مطالبات پر جواب نہ آنے پر اجلاس کا کوئی فائدہ نہیں، بھارت ہر سال پاکستان کے ساتھ تین ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کی شرط ماننے کے لئے تیار نہیں ہے البتہ پاکستان کو مالی فائدہ ہونے کا امکان ہے لیکن تمام معاملات خفیہ انداز میں خاموشی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔