ڈیرہ اسماعیل خان (این این آئی)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بشریٰ بی بی کے اکیلئے چھوڑے جانے کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شروع سے آخر تک بشریٰ بی بی کے ساتھ تھے، محمود غزنوی کی طرح حملے کرتے رہیں گے، سول نافرمانی کا بھی فیصلہ نہیں ہوا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر بشریٰ بی بی نے اکیلے چھوڑے جانے کی بات کسی اور کے بارے میں کی ہے تو یہ ان کی ذاتی رائے ہے۔وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، ابھی مذاکرات ہونے ہیں، ہم مذاکرات ملک کی خاطر کر رہے ہیں،اگر حکومت مذاکرات نہیں کرتی تو ہم تو چل ہی رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی پت کی طرح ہم حملے کریں گے، صحافی نے سوال کیا کہ پانی پت کے میدان میں جنگیں ہوئی تھیں، محمود غزنوی نے سومنات کے مندروں پر 17 حملے کئے تھے، اس پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اچھا اگر ایسا ہے تو 5 حملے ہم نے کر لیے ہیں باقی کرتے رہیں گے۔