مانچسٹر(ہارون مرزا)کرسمس کے موقع پر برطانوی باشندوں کو جہاں شدید سردی کا سامنا ہوگا وہیں موسمی حالات اور طوفان کے خطرات بھی ہوں گے۔ میٹ آفس کی طرف سے تنبیہ جاری کی گئی ہے کہ تیزاور طوفانی ہوائیں چلنے کی توقع ہے جس سے نہ صرف درجہ حرارت مزید گرےگا بلکہ لوگوں کے لیے مسائل بھی جنم لے سکتے ہیں۔ ویلز او رجنوب مغربی انگلینڈ کیلئے ریڈ الرٹ جب کہ انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے بعض مقامات کیلئے ییلو اور امبر انتباہات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ طوفانی ہواؤں اور موسمی شدت سے بچنے کیلئے کرسمس کی تیاریاگھروں کے اندر کریں اور غیر ضروری سفر سے بھی اجتناب کیا جائے ۔ برطانوی طوفان ڈارگ جس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اس نے بحر اوقیانوس عبور کر لیا ہے اب برطانیہ کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال اور سفری افراتفری کو جنم دے سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کارڈف اور سوانسی سمیت برسٹل اور نارتھ سومرسیٹ کے بعض حصے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔پیشگوئی کرنے والوں نے رہائشیوں کو متنبہ کیا ہے کہ اگر غیر ضروری سفر کی بجائے گھروں میں قیام کو ترجیح دی جائے ایسے حالات میں گاڑی چلانا کسی صورت بھی محفوظ عمل نہیں ہوسکتاکرسمس کی تیاری کرنے والے گھروں کے مالکان کرسمس کی سجاوٹ، باغ کے فرنیچر، خیمہ جات و دیگر سامان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ ریڈ الرٹ والے علاقوں میں لوگوں کو بیٹریوں کو چارج رکھنے ‘ موبائل فون پاور بنک اور دیگر ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ انگلینڈ، ویلز، شمالی آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے دوسرے حصوں کے لئے بھی پیلے اور امبر کی انتباہات پر لوگوں نے حالات سے نمٹنے کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ میٹ آفس کی طرف سے 21جنوری کو ایشا نامی طوفان کی الرٹ جاری کی تھی تقریبا ایک سال بعد دوبارہ ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ویسٹ اور ساؤتھ ویلز کے ساحلوں اور پہاڑیوں پر 90میل فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہواؤں کے چلنے کی توقع کی جا رہی ہے صورتحال سے نہ صرف زمینی بلکہ ریلوے اورفضائی سفر بھی متاثر ہو سکتا ہے مختلف پروازوں میں تاخیر ہو سکتی ہے لہذا سفر کرنے والوں کو حالات پر نظر رکھنے کی تلقین کی گئی ہے ۔