لندن( نمائندہ جنگ) لبرل ڈیموکریٹک پارٹی نے کہا ہے کہ سابق شامی صدر بشار الاسد کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا ہوگا، شام میں اسد حکومت کے گرنے کی اطلاعات پر ردعمل دیتے ہوئے لبرل ڈیموکریٹ کے خارجہ امور کے ترجمان کیلم ملر نے کہا کہ اسد کا زوال ان لاکھوں شامیوں کے لیے ایک عظیم دن ہے جنہوں نے اس کی ظالمانہ حکمرانی کے تحت مصائب جھیلے ، ظالم شخص نے اپنے ہی لوگوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کئے ، اب اسے ان جرائم پر انصاف کا سامنا کرنا ہوگا،انہوں نے کہا یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے کہ آگے کیا ہوگا تمام کوششوں کو اقتدار کی منظم منتقلی کو یقینی بنانے اور اقلیتی گروہوں کے تحفظ پر مرکوز کیا جانا چاہئے،بین الاقوامی برادری کو وہ سب کچھ کرنا چاہئے جو ہم کر سکتے ہیں تاکہ یہ واقعی ایک اہم موڑ ثابت ہو اور یہ شامی عوام کی آواز ہو جو سنی جائے جس کا اختتام آزاد اور منصفانہ انتخابات پر ہو جو بین الاقوامی قانون کے مطابق ہوں۔