کراچی(اسٹاف رپورٹر) لانڈھی بھینس کالونی میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے راہگیر 52سالہ شاہ نواز ولد نور محمد جاں بحق ہوگیا، ریسکیو زرائع کے مطابق متوفی بھکاری اور سڑک پر بھیک مانگ رہا تھا ، بولٹن مارکیٹ کھوڑی گارڈن پارک کے قریب چھری کے وار سےعلی نامی شخص جاں بحق ہوگیا،پولیس نے بتایا کہ ملزم اورنگزیب نفسیاتی ہے اسے بازار میں لوگ تنگ کررہے تھے اس دوران اس نے چھریاں بیچنے والے کی چھری اٹھا کرانہیں ڈرانے کے لئےچھری دکھائی تو وہ پیچھے ہٹ گئے اور چھری علی کی گردن پر لگ گئی جس سے اس کی موت واقع ہوئی، علاوہ ازیں لانڈھی نمبر 1سنہری مسجد کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی،فیڈرل بی ایریا بلاک 21 اللہ والا ہوٹل کے قریب ایک شخص کی لاش ملی جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ،سپر ہائی وے گل حسن ٹائون نیو سبزی منڈی کے قریب زیر تعمیر مسجد کے قریب سے انسانی ڈھانچہ برآمد ہوا، پولیس نے لاشوں اور ڈھانچہ کو قبضے میں لیکر اسپتال منتقل کیا جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعدانہیں سرد خانے منتقل کردیا گیاہے۔