کراچی( اسٹاف رپورٹر )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اکانومی کوآرڈینیشن کمیٹی (ای سی سی) کی جانب سے پاکستان بھر کے لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ کیلئے تقریباً 5 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری کو خوش آئند قراردیتےہوئےاس گرانٹ میں ایم کیو ایم پاکستان کے بے گناہ لاپتہ سیاسی کارکنان کے اہلِ خانہ کو بھی شامل کرنےکا مطالبہ کیا ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نےچیف جسٹس آف پاکستان سے شہری سندھ بالخصوص کراچی سے لاپتہ سیاسی کارکنان کی بازیابی کو بھی یقینی بنانےاور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی کاکہنا تھاکہ پاکستان میں سب سے زیادہ سیاسی کارکنان ایم کیو ایم پاکستان کے ہیں جو برسوں سے جبری طور پر لاپتہ ہیں ،ان کارکنوں کے اہلِ خانہ اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے سرکاری دفاتر اور عدالتوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے اجاگرکرنے کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کا ایک اعلیٰ سطح کاوفد جلد وزیراعظم سے ملاقات کریگا ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان لاپتہ افراد کی بازیابی اور ان کے خاندانوں کی دادرسی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اس گرانٹ میں پاکستان بھر کے لاپتہ افراد کے ساتھ ساتھ گرانٹ میں ایم کیو ایم پاکستان کے لاپتہ سیاسی کارکنوں کے اہلخانہ کو بھی شامل کیا جائے۔