• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

124 ویں مڈشپ مین اور 32 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) 124ویں مڈشپ مین اور 32ویں شارٹ سروس کمیشن (ایس ایس سی) کورس کی کمیشننگ پریڈ پاکستان نیول اکیڈمی، کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں 90 مڈشپ مین اور 34 ایس ایس سی کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے۔ کمانڈر رائل بحرین نیول فورس، ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔نیول اکیڈمی آمد پر مہمانِ خصوصی کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف نے کیا۔ مہمانِ خصوصی، جو خود بھی پاکستان نیول اکیڈمی کے فارغ التحصیل ہیں، نے کمیشننگ پریڈ کے معائنےکو اپنے لیے باعث فخر قرار دیا اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم علاقائی قوت قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوست ممالک کے کیڈٹس کو تربیت فراہم کرنے کی پاک بحریہ کی دیرینہ روایت بدستور جاری ہے، جس کا ثبوت اس پریڈ میں بحرین، عراق، جمہوریہ جبوتی، سری لنکا اور ترکیہ کے کیڈٹس کی شمولیت ہے۔ مہمانِ خصوصی نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور باہمی ترقی کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ مڈشپ مین محمد عزیر عباس کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پرعزازی شمشیرسے نوازا گیا، جبکہ مڈشپ مین شہاب احمد نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔پاکستان سے آفیسر کیڈٹ عمر مختار اور عراق سے آفیسر کیڈٹ الذھبی فہد حسام فرید کوچیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈلز اور ایس ایس سی کورس کے آفیسر کیڈٹ سید سعد شاہد کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل دیا گیا۔ پروفیشنسی بینر کواٹرڈیک اسکواڈرن نے حاصل کیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید