اسلام آباد(آئی این پی ) باغی ملیشیا حیات التحریر الشام کے شام پر قبضے کے باعث سینکڑوں پاکستانی زائرین شام میں پھنس گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد باغی ملیشیا حیات التحریر الشام نے سرکاری عمارتوں اور ائیر پورٹس کا کنٹرول سنبھال لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر پورٹ کی بندش کے باعث شام میں واپسی کے منتظر تقریبا 250 پاکستانی زائرین پھنس کر رہ گئے ۔کنٹری ہیڈ شام ونگز طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ باغیوں نے ملک پر قبضے کے بعد ائیر پورٹ بند کر دیا ہے، ہماری لاہور کیلئے پرواز منسوخ ہوئی ہے۔ طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ 11 دسمبر کی کراچی کیلئے فلائٹ بھی منسوخ ہے۔زائرین کا کہنا ہے کہ شام ونگز کے تحت ائیر لائنز کا شیڈول واضح نہیں، دمشق کے علاقے سیدہ زینب میں ہوائی فائرنگ کے باعث زائرین میں خوف و ہراس ہے۔