اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد ) سفارتخانہ پاکستان نے ونٹرنیشنل فیسٹیول 2024 کے 11ویں ایڈیشن میں شرکت کی جس میں پاکستان کے متحرک رنگوں، بھرپور ثقافت اور مہمان نوازی کو اجاگر کیا گیا۔ یہ ایونٹ واشنگٹن ڈی سی کے رونالڈ ریگن بلڈنگ میں منعقد ہوا جس میں 60 سے زائد سفارتخانوں نے اپنی منفرد روایات، کھانوں اور ثقافتی ورثے کی نمائش کی۔شرکا نے پاکستانی پویلین میں لذیذ پکوانوں، دلکش ٹرک آرٹ اورقیمتی پتھروں کے زیورات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بھرپو ثقا فتی ورثے کے ذریعے دیگر ممالک سے روابط استوار کرنا چاہتے ہیں۔ رضوان سعید شیخ نے ایونٹ کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کی اور مختلف اسٹالز کا دورہ کیاجن میں پاکستانی پویلین بھی شامل تھا۔ انہوں نے شرکاء اور وزیٹرز کے ساتھ بات چیت بھی کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےرضوان سعید شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے فیسٹیول ثقافتی ورثے کو فروغ دینے اور قوموں کے درمیان روابط کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ ونٹرنیشنل جیسے ایونٹس کمیونٹیز کے درمیان ایک اہم رابطہ کا کردار ادا کرتے ہیں جو فنون اور ثقافت کے عالمی ذرائع کے ذریعے یکجہتی کو فروغ دیتے ہیں