لاہور( نمائندہ جنگ)پنجاب حکومت نے اوورسیز کے مسائل کے حل کیلئے اوورسیز کمیشن کو موثر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ کمیشن میں 9 اراکین اسمبلی اور9اوورسیز پاکستانی شامل ہوں گے جو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی نگرانی میں کام کرے گا ۔مزید بتایا گیا ہے کہ کمیشن کے تحت ضلع کی سطح پر کمیٹیاں بھی ہوں گی اورہر ضلع میں چیئرمین اور دو ممبر ہوں گے ۔ اوورسیز ایڈوائزری کونسل کے تحت ایک نمائندہ باڈی بھی تشکیل دی جائے گی جس میں دنیا کے مختلف ممالک میں موجود پنجاب سے تعلق رکھنے والے رول ماڈل شخصیات کو شامل کیا جائے گا اور ان سے کسی بھی ملک کی بابت رائے لی جائے گی اور حتمی فیصلہ کیا جائے گا ۔ کمیشن ،ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹیوں کے قیام کے تمام مراحل کو اگلے تین ماہ میں مکمل کرنے کا ٹائم فریم طے کیا گیا ہے ۔