پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقے کینال روڈ پرٹاؤن پولیس نے فائرنگ تبادلے کے بعد مشکوک مسیحی باشندے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم مبینہ طور پر رہزنی کی واردات میں ملوث ہے تاہم اس کا دوسرا ساتھی فرار ہوگیا۔ تھانہ ٹاؤن کے ایس ایچ او رضوان برکی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق پولیس معمول کی گشت پر تھی اس دوران کینال روڈپر موٹرسائیکل پر سوار دو افراد کو روکا گیا جو بورڈ بازار کی طرف سے آرہے تھے تاہم انہوں نے موٹر سائیکل روکنے کی بجائے رفتار تیز کردی اور پولیس پر فائرنگ بھی کی ۔جوابی فائرنگ سے ایک مشکوک شخص گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے قابو کرکے پوچھنے پر اپنا نام امن مسیح ساکن وڈپگہ بتایاجبکہ اسکا دوسرا ساتھی خالد زمان ساکن تہکال پایاں فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق تلاشی لینے پر ملزم کے قبضے سے دو موبائل فونز، پستول و موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی ۔دوران تفتیش معلوم ہوا کہ مذکورہ موٹرسائیکل 22نومبر کو تھانہ ٹاؤن کی حدود سے چھینی گئی تھی ۔پولیس نے ملزمان کیخلاف 324, 353 ,15AAکے تحت مقدمہ درج کرکے اس سے مزید تفتیش شروع کردی۔