• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا لبنانی ہم منصب سے رابطہ، 600 پاکستانیوں کے انخلاء میں مدد کی درخواست

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)شام میں پھنسے 600پاکستانیوں کی بیروت کے راستے انخلاء کی کوشش،وزیر اعظم کا لبنانی ہم منصب سے رابطہ، انخلا میں مدد کی درخواست کی ، وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، لبنان کیخلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے لبنان کیلئے جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا اور فلسطینی عوام کیلئے بھی اسی طرح کے جنگ بندی کے معاہدے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے شام کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلاءمیں سہولت فراہم کرنے کیلئے نجیب میقاتی کی ذاتی مداخلت اور مدد کی درخواست کی۔ وزیراعظم میکاتی نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور اصولی موقف پر وزیراعظم شہباز کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ لبنان شام سے پاکستانیوں کے انخلاءمیں ہر ممکن مدد کرے گا۔ بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف نے شام اور لبنان میں تعینات پاکستانی سفراءسے بھی رابطہ کیا اور انہیں شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلاءکے حوالے سے ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اہم خبریں سے مزید