اسلام آباد (صالح ظافر) جاپانی حکومت کی دعوت پر جینیسز ( JENESYS ) (جاپان ایسٹ ایشیا نیٹ ورک آف ایکسچینج فار اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ) پروگرام کے تحت چھ پاکستانی نوجوانوں کی پہلی گروپ آج (منگل) سے 17 دسمبر تک جاپان کا دورہ کرے گا۔ سارک ممالک سے کل 41 نوجوانوں کو اس پروگرام میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے جو ’’انرجی‘‘ کے تھیم کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں جاپان کے نامزد سفیر آکاماتسو سوشی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جاپان میں ان کا قیام ایک نتیجہ خیز تجربہ ہو گا اور مہمان گروپ کو مشورہ دیا کہ وہ اس موقع کا بہترین استعمال کریں اور اس مختصر عرصے میں جاپان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کریں۔