• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمٰن نے نیا محاذ کھول دیا، سڑکوں پر آنے کی دھمکی، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام’’ آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘‘میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے نیا محاذ کھول دیا ہے ۔ 

حکومت مان گئی تھی کہ نئی قانون سازی کے ذریعے مدارس کو یہ اختیار دے گی کہ وزارت ِ تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کروانے یا نہ کروانے میں آزاد ہوں گے۔ 

صدر نے یہ بل واپس بھجوادیا اس پر مولانا نے سڑکوں پر آنے کی دھمکی بھی دی،شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ صرف گیارہ دن میں بشارالاسد کا تختہ الٹنے پر دنیا بھر میں حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے،شام میں جنگ کی شروعات سے ہی ترکیے باغیوں کا اہم ترین حامی رہا ہے۔

میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ نمائندہ جیو نیوز شبیر ڈار کے مطابق عمران خان، علیمہ خان بشریٰ بی بی فیصل چوہدری بیرسٹر گوہر اور مشال یوسفزائی کے درمیان چوبیس نومبر کے احتجاج پر تکرار ہوئی ہے ۔ بشریٰ بی بی نے عمران خان کو بریف کیا کہ جس کے بعد احتجاج پر عدالت میں بحث شروع ہوگئی۔

 بشریٰ بی بی نے کہا احتجاج کے لیے پنجاب سے کوئی نہیں نکلا جس پر بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پنجاب کے پانچ ہزار لوگ گرفتار ہیں۔ علیمہ خان نے فیصل چوہدری سے سوال کیا کہ عمران خان کو اخبارات اور سہولتیں کیوں نہیں دی جاتیں۔ 

مشال یوسفزئی نے مانیٹرنگ کمیشن کو روکنے کا الزام فیصل چوہدری پر لگادیا۔ جس پر فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ کمیشن عدالت نے قائم کیا ہے میں کیسے روک سکتا ہوں۔ 

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کچھ فیصلے پارٹی لیڈر شپ پر چھوڑ دئیے جائیں۔ احتجاج اور شہادتوں پر ہر کوئی بات کرے گا تو کنفیوژن ہوگی۔

 اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چھبیس نومبر کے شہداء کے سوگ کی تاریخ اوورسیز لیڈر شپ کے مطالبے پر تبدیل کی ہے۔ پندرہ دسمبر اتوار کو یوم سوگ منائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید