کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں غیر قانونی سفر کرنے والا مسافر گرفتار کرلیا،ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتارمسافر کی شناخت محمد مزمل کے نام سے ہوئی ،ملزم کے پاسپورٹ پر درج معلومات جعلی تھیں ،ملزم نے جعلی جائے پیدائش درج کی ہوئی تھی، ملزم کی جائے پیدائش لودہراں ہے جبکہ ملزم نے جائے پیدائش سرگودھا ظاہر کر کے عمرہ ویزا حاصل کیا،ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم عمرے کی آڑ میں سعودی عرب ملازمت کے غرض سے جا رہا تھا، ملزم نے اس مقصد کے لیے بہاولپور کے رہائشی عاشر نامی ایجنٹ سے ڈیل طے کی، ملزم نے ایجنٹ سے یہ ڈیل 3 لاکھ 50 ہزار روپے میں طے کی ڈیل کے تحت ملزم کو سعودی عرب پہنچنے پر اقامہ ملنا تھا ،گرفتار مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔