پیرس (رضا چوہدری) پاکستان تحریک انصاف یورپ جمعہ کے روز عالمی عدالت انصاف’’جیک ہالینڈ‘‘ کے سامنے حکومت پاکستان کے خلاف ڈی چوک کے واقعہ پراحتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما یاسر قدیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ ڈی چوک سانحہ ماڈل ٹاؤن اور گلو بٹ کا تسلسل ہے، حکومت اداروں پر ملبہ ڈال کر بری ذمہ نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہالینڈ نے مظاہرے کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ انہوں نے اپنے ہر اقتدار میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام کیا جس کا منہ بولتا ثبوت سانحہ ماڈل ٹاؤن ہے۔ اس موقع پر گلو بٹ کا کردار دنیا نے دیکھا اور سانحہ ڈی چوک پر بھی وفاقی وزیر پرامن احتجاجی مظاہرین پر لشکر کشی کرتے ہوئے ٹوٹ پڑے۔ گولی چلانے کا الزام اداروں پر لگا کر بچ نکلنے کی کوشش کی جارہی ہے، مگر ہم کسی صورت بھی اصل کرداروں کو معاف نہیں کریں گے۔