کراچی (اسٹاف رپورٹر) شارع فیصل پر واقع واٹر بورڈ کے مرکزی دفتر میں آگ بھڑک اٹھی جس پر فوری طور پر قابو پالیا گیا، ترجمان کراچی واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آگ سے کوئی بھی ریکارڈ نہیں جلا ہے۔ تفصیلات کے مطابق واٹر کارپوریشن کارساز آفس کے آر آر جی ڈپارٹمنٹ کے کانفرنس روم میں منگل کو اچانک آگ بھڑک اٹھی، واقعہ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا، آگ ایئر کنڈیشنڈ کے سرکٹ جلنے کی وجہ سے لگی، ابتدائی طور پر واٹر کارپوریشن کی گاڑیوں نے آگ بجھائی آگ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی دو فائر ٹینڈرز بھی موقع پر آگ بجھانے پہنچ گئیں تھیں۔ترجمان کراچی واٹر کارپوریشن نے کہا ہے کہ آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی ریکارڈ جلا ہے واٹر کارپوریشن کا تمام ریکارڈ محفوظ ہے۔ واٹر کارپوریشن کا پورا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ اور متعلقہ ڈویژنوں میں محفوظ ہے۔