راولپنڈی(اپنے نامہ نگار سے ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ شام میں امن و امان کے مستقبل کا فیصلہ وقتی طور پر کئے جانیوالے اعلانات نہیں بلکہ قابض گروپوں کے حقیقی فکریات و نظریات کی بنیاد پر ہوگا۔اقوام متحدہ، او آئی سی شام میں نواسیِ رسولؐ سیدہ زینب بنت علی، سیدہ سکینہ بنت الحسین ، اہلبیتِ و صحابہؓ کے حرم ہائے قدسیہ و مزارات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ گریٹر اسرائیل ایجنڈا تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے، عالمی استعمار کی خوشنودی میں اپنے لئے عافیت اور اقتدار کا دوام تلاش کرنیوالے مسلم حکمران اپنی باری کے منتظر رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آغا حسین مقدسی نے کہا کہ فلسطین و کشمیر کے مظلومین سے لاتعلق مسلم حکمرانوں نے اپنی منافقانہ پالیسیوں کے بجائے عالم اسلام کے اتحاد پر مبنی مشترکہ حکمت عملی اختیار نہ کی تو اپنی تباہی کا نوشتہ دیوار پڑھ لیں۔