اسلام آباد(آئی این پی)نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز (FMS-BICON) نے طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری جذبے کو اجاگر کرتے ہوئے انٹرپرینیورشپ گالا 2024 کا انعقاد کیا۔ تقریب نمل کے بزنس انکوبیشن سنٹر کے سربراہ وارث علی کی نگرانی میں ہوئی جس نے منفرد کاروباری آئیڈیاز اور منصوبے پیش کرنے کے لئے متحرک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ تقریب کا افتتاح صدر اسلام آباد ڈویلپرز ایسوسی ایشن اور مقامی مال کے سی ای او سردار یاسر الیاس خان اور ریکٹر نمل میجر جنرل (ریٹائرڈ) شاہد محمود کیانی نے کیا۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل نمل یونیورسٹی بریگیڈیئر (ر)شہزاد منیر، فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر زاہد اقبال اور مینجمنٹ سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر اعجاز مصطفی ہاشمی بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان خلیج کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ایسے اقدامات سے نوجوان ذہنوں کو مسائل کے جدت پر مبنی حل تلاش کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔ ریکٹر نمل میجر جنرل شاہد محمود کیانی نے مسابقتی عالمی منڈی کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے طلبا میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ بزنس انکوبیشن سنٹر کے سربراہ وارث علی نے کہا کہ گالا کا وژن طلبا کو عملی کاروباری بصیرت کے ساتھ بااختیار بنانا اور ان کی کاروباری صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے۔ گالا میں کاروباری نمائشوں، انٹرایکٹو سیشنز اور نیٹ ورکنگ کے مواقع کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔