برمنگھم (پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ دنیا میں امن قائم کرنے، مظلوم و محکوم قوموں کے ساتھ انصاف کیلئے قائم کیا گیا تھا جو اپنے قیام کے مقاصد کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوا ہے اور مسلمانوں کے کسی بھی مسئلے کو حل نہیں کرا سکا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور دہشت گردی کو روکنے کیلئے اس ادارہ نے کوئی اقدامات نہیں کئے، گزشتہ 30سال میں ایک لاکھ سے زیادہ کشمیریوں کا قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالیوں میں روز بروز اضافہ پر اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، بھارت کی10 لاکھ فوج کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ نے پُرامن اور جمہوری عمل سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا تھا جو ابھی تک پورا نہیں ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں بھارت بڑی رکاوٹ ہے، فوجی طاقت کے بل بوتے پر بھارت نے اپنا غاصبانہ کر رکھا ہے، بھارت نے کسی معاہدے اور وعدے کی پاسداری نہیں کی، مسئلہ کشمیر کی وجہ سے خطے میں پائی جانے والی کشیدگی سے امن کو شدید خطرہ ہے اور امن کے سارے راستے کشمیر سے گزرتے ہیں۔ محمد غالب نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق اور جمہوریت کے علمبرداروں کو مسئلہ کشمیر کے حل کرنے میں اپنا کلیدی کردار کرنا ہوگا۔ کشمیری عوام اپنے اصولی موقف اور حق خود ارادیت سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں، بھارت کے انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیری آزادی کی جدوجہد جارہی رکھے ہوئے ہیں اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا تاکہ کشمیریوں قتل عام بند ہو اور آزادی کی منزل حاصل کر سکیں۔