اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) ٹاپ بیورو کریسی کیلئے اچھی خبر ہے کہ گریڈ اکیس سے 22میں ترقی کیلئے ہائی پاور سلیکشن بورڈ کا اجلاس اگلے ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہو گا۔
ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزیر اعظم آفس کو در خواست کی ہے کہ چونکہ سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس 23دسمبر سے شروع ہو رہا ہے جس میں گریڈ انیس اور بیس کے افسروں کو اگلے گریڈ میں ترقی دی جا ئے گی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا موقف ہے کہ سنٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس سے قبل ہائی پاور سلیکشن بورڈ کا اجلاس ضرو ری ہے تاکہ گریڈ اکیس کی مزید آ سامیاں دستیاب ہوجائیں ۔
ہائی پاور سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں مختلف سرو س گروپوں کےگریڈ اکیس کے 40سے زائد افسروں کی گریڈ بائیس میں ترقی کی منظوری دی جا ئے گی۔ اس طرح گریڈ اکیس کی چالیس سے زیادہ آ سامیاں ترقی کیلئے دستیاب ہو جائیں گی۔