اسلام آباد (خبر نگار) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے منشیات سمگل کرنے والے میاں بیوی سمیت تین رکنی گروہ کو مجموعی طور پر 41سال قید اور 12 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔ سماعت کے دوران پراسیکیوٹر فہد ملک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اے این ایف گزشتہ سال مبشر حسین ، رحمن اقبال اور زاہدہ سے ساڑھے 71کلو افیون برآمد کی تھی۔ گروہ جس گاڑی میں منشیات سمگل کر رہا تھا وہ بھی قبضے میں لی گئی۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے مبشر حسین کو 20 سال قید 8 لاکھ روپے جرمانہ ، رحمن اقبال کو 9 سال قید ایک لاکھ روپے جرمانہ ، زاہدہ پروین کو 12 سال قید اور 3 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔