کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیر آباد تھانہ کی حدود اورنگی ٹائون قصبہ کالونی میں 2 دسمبر کو مبینہ پولیس مقابلے میں 2 مبینہ ملزمان کی ہلاکت پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنائی تھی، جس نے انکوائری مکمل کرنے کے بعد مقابلے کو مشکوک قرار دے دیا اور کیس کی مکمل تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کی سفارش کر دی ہے ، ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ارسال کی گئی 11صفحات پر مبنی رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے مدعی مقدمہ سمیت 15افراد کے بیانات ریکارڈ کئے، تحقیقاتی افسر نے ملنے والے تمام شواہد، ثبوتوں کو دیکھتے ہوئے کیس کے بارے میں کہا کہ ابھی فارنزک اور کیمیائی تجزیاتی رپورٹیں زیر التوا ہیں، اہم ڈیجیٹل اور جسمانی شواہد کے مزید تجزیے کی ضرورت ہے، اس لیے اس اسٹیج پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔