کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) کے صدر محمد جاوید بلوانی نے نومبر 2024تک مہنگائی میں حالیہ برسوں میں سب سے کم4.86فیصد کی نمایاں کمی کاحوالہ دیتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ پالیسی ریٹ میں400بیسس پوائنٹس کی کمی کرے جس سے نہ صرف حقیقی شرح سود کو پائیدار سطح کے قریب لایا جا سکے گا بلکہ کاروباری اداروں اور صارفین کیلئے قرض بھی قابل برداشت ہو جائے گا۔ ایک بیان میں صدر کے سی سی آئی نے کہا کہ شرح سود میں کمی معاشی سرگرمیوں کے لئے ایک محرک کا کام کرتی ہے جس سے ترقی کی رفتار میں تیزی سمیت مسابقت میں اضافہ ہوتا ہے اور مجموعی کاروباری ماحول میں بہتری آتی ہے۔ یہ بہترین عالمی طریقوں سے مطابقت رکھتا ہے جہاں مرکزی بینک کم افراط زر کے دوران معاشی ترقی کو تیز کرنے کے لئے شرح ایڈجسٹمنٹ کا استعمال کرتے ہیں۔