اسلام آباد (فاروق اقدس)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جمعے کو ملاقات کی ہے، اس ملاقات کے حوالے سے وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال علاقائی امن وسلامتی کے امور پر مشاورت اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی کوششوں پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ تاہم ٹائمنگ کے حوالے سے اس ملاقات کو غیر معمولی طور پر اہم قرار دیا جارہا ہے کیونکہ آئندہ ماہ منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ دوسری مرتبہ صدارتی منصب کا حلف اٹھانے والے ہیں اور بالخصوص جنوبی ایشیا میں دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی امریکی خارجہ پالیسی میں ایک توجہ طلب ملک کی حیثیت حاصل ہے جبکہ نہ صرف امریکہ میں سکونت پذیر پاکستانی نژاد امریکی شہری بلکہ پاکستان کی سیاسی صورتحال میں بھی دوسری مرتبہ امریکی صدر کی حیثیت سے ڈونلڈ ٹرمپ کا انتخاب کئی حوالوں سے اہمیت کا حامل ہے اس لئے باور کیا جارہا ہے کہ یہ ملاقات انہی حالات کے تناظر میں ہوئی ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ صدر ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں وائٹ ہاؤس کی جانب سے مدعوین کو دعوت نامے بھیجنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور چینی صدر سمیت مختلف سربراہان کو دعوت نامے بھیجے جارہے ہیں۔ تاہم گزشتہ روز اپنی پریس بریفنگ میں وزارت خارجہ کی ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں میڈیا کو بتایا تھا کہ پاکستان میں ابھی تک کسی شخصیت کو حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔