• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ پر انسپکٹرز کیخلاف تادیبی کارروائی کی جائیگی، شرجیل میمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ حکومت سندھ نے نئے موٹر وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹس متعارف کرانے اور ایم وی آئز کے نئے ایس او پیز کا اعلان کر دیا۔ سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ نئے نظام پر تعمیل یقینی بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول ٹریفک پولیس، ضلعی ایس ایس پیز، ہائی وے اور موٹروے پولیس سے مدد لی جائے گی، نامزد افسران اسنیپ چیکنگ کریں گے اورجعلی سرٹیفیکیٹ جاری کرنے والے انسپکٹرز کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلامیے کے مطابق موٹر وہیکل فٹنس سرٹیفیکیٹس میں بارکوڈز سمیت جدید حفاظتی اقدامات شامل ہوں گے، اس کا اطلاق یکم دسمبر 2024 ءسے ہوگا۔ اس ضمن میں سینئر وزیر نے کہا کہ نئے اقدامات گاڑیوں کی فٹنس بڑھانے کے لیے ڈیزائن کئے گئے ہیں، جن کا مقصد روڈ سیفٹی کو یقینی بنانا، ماحولیاتی آلودگی کم کرنا، جعلی سرٹیفیکیٹس کا اجراء روکنا اور حکومتی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے، سندھ بھر میں موٹر وہیکل انسپکٹرز کے لیے تفصیلی ایس او پیز جاری کردیے گئے ہیں، سرٹیفیکٹس کے اجراء میں یکسانیت اور جوابدہی برقرار رکھنے کے لیے ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ نئے سرٹیفیکیٹس کے لیے کٹ آف تاریخ سے عوام کو مطلع کرے گا۔
اہم خبریں سے مزید