کراچی(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ نے26ویں آئینی ترمیم میں حکومت کی جانب سے وعدہ خلافی پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے حکم پر احتجاج کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، حکومت کو وعدہ خلافی مہنگی پڑے گی، جے یو آئی مفاہمتی پالیسی پر یقین رکھتی ہے لیکن حکمران ہمیں مزاحمتی پالیسی کی طرف لے جارہے ہیں، جے یو آئی کے کارکنان احتجاج کیلئے تیار رہیں۔ ان خیالات کا اظہار جے یو آئی سندھ کی صوبائی مجلس عاملہ، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن سمیت دادو اور نوشہرو فیروز اضلاع کے امراء اور جنرل سیکریٹریز کے صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں جے یو آئی سندھ کے قائد علامہ راشد محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں مولانا سید سراج احمد شاہ امروٹی ، مفتی سعود افضل ہالیجوی، مولانا محمد صالح انڈھڑ،ڈاکٹر اے جی انصاری ، مولانا محمد رمضا نپھپوٹو،مولانا محمد اسحاق لغاری، مولانا میر محمد میرک سمیت دیگر نے خطاب کیا، اجلاس سے صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے کیس میں عدالت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ عدالت جلد اس کیس میں ملوث ملزمان کو سزا دیکر انصاف فراہم کرے گی، انہوں نے سندھ کے وکلاء برادری کو اپیل کی کہ وہ 20 دسمبر شہید ڈاکٹر علامہ خالد محمود سومرو کیس کے فتویٰ کے دن کو سکھر سینٹرل جیل میں جائزے کے لیے شرکت کریں، انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کو سندھ بھر کے تمام مدارس میں شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے کیس میں انصاف کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، جبکہ آج سے گھروں میں مسلسل فرض نماز کے بعد ورد اور صدقہ روزہ کا اہتمام کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ عدالت کا کوئی بھی فیصلہ آئے ہم کارکنان سے اپیل کرتے ہیں کہ پرامن رہیں اور قانونی راستے کو ہم بہتر سمجھتے ہیں۔