کراچی (آئی این پی )سندھ میں غیرملکی تعمیراتی کمپنی سے بھتہ طلب کرنے کا انکشاف ہوا ہے، دھمکیوں کے بعد کمپنی کے غیر ملکی ملازمین نے منصوبے پر کام کرنا چھوڑ دیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق غیر ملکی کمپنی کی جانب سے وفاقی حکومت کو لکھے گئے خط پر وزارت داخلہ نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کو سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ غیرملکی تعمیراتی کمپنی نے وزارت داخلہ کو خط لکھ کر آگاہ کیا کہ انڈس ہائی وے این 55 ایڈیشنل کیرج وے پر کام کے دوران بھتہ طلب کیا گیا، اس دوران کنسٹرکشن منیجر کو متعدد فون کالز کی گئیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ شکار پور کے رہائشی شخص بدیہل نے کال کرکے 50 لاکھ روپے، ایک موٹر سائیکل اور موبائل فون دینے کا مطالبہ کیا اور دھمکی دی کہ اگر میرے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو انفرا اسٹرکچر اور مزدوروں کو نقصان پہنچے گا۔یہ غیر ملکی کمپنی شکارپور سے رانی پور تک انڈس ہائی وے این 55 کے 221 کلومیٹر فاصلے پر شاہراہ تعمیر کر رہی ہے، کمپنی حکام کے مطابق بھتے کے مطالبے کے بعد اب کوئی بھی غیر ملکی شہری سائٹ پر کام نہیں کررہا۔کمپنی کے پروجیکٹ منیجر نے خط لکھ کر وفاقی اور صوبائی اداروں سے سیکورٹی دینے کی درخواست کی، جس پر وزارت داخلہ ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ غیر ملکی کمپنی کو سکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ وہ منصوبے پر بلا خوف و خطر کام جاری رکھ سکے۔