• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرنس آئل، ڈیزل والے 14 پاور پلانٹس سے ٹاسک فورس کے مذاکرات مکمل

اسلام آباد ( رپورٹ حنیف خالد)فرنس آئل ، ڈیزل والے 14پاور پلانٹس سے ٹاسک فورس کے مذاکرات مکمل جبکہ 12سے جاری ہیں،کیپسٹی پیمنٹ کی ادائیگی ختم ہو گئی ، جتنی بجلی حکومت لے گی اتنی ہی ادائیگی ہوا کرے گی ، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر چلنے والے پاور پلانٹ ہالمور پاور کی 61.23 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی کی پیداوار ،وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں فرسودہ پاور پلانٹس کو مرحلہ وار بند کرنے کا جواعلان کیا ہے ان کا مقصد بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانا اور توانائی کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ اس حوالے سے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (NTDC) نے جو میرٹ آرڈر جاری کر رکھا ہے جنگ نے وہ دستاویز حاصل کی ہیں جس کے تحت وزارت توانائی کی ٹاسک فورس نے مہنگے ایندھن پر چلنے والے پاور پلانٹس جیسے ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD)، فرنس آئل (RFO) اور کچھ RLNG پاور پلانٹس کے ساتھ مذاکرات شروع کر رکھے ہیں ۔ مہنگی بجلی بنانے والے 26 فرنس آئل پاور پلانٹس میں سے 14 کے ساتھ حکومتی ٹاسک فورس کے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں جن کے تحت کیپسٹی پیمنٹ کی ادائیگی ختم ہو گئی ہے ۔ ان سے جتنی بجلی حکومت لے گی اتنی ہی ادائیگی ہوا کریگی ۔ 12 فرنس آئل پر چلنے والے آئی پی پیز کے ساتھ ٹاسک فورس کے مذاکرات جاری ہیں جو جلد مکمل ہونگے ۔ مہنگی ترین بجلی پیدا کرنے والا پاور پلانٹ ہالمور پاور ہے جو HSD پر چلتا ہے اور 61.23 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا کرتا ہےجبکہ سب سے کم لاگت پر بجلی پیدا کرنے والا پاور پلانٹ UCH ہے جو گیس پر چلتا ہے اور 3.11 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی فراہم کرتا ہے۔ 14 آر ایف او ( رزول فرنیس آئیل )پر چلنے والے پاور پلانٹس کے ساتھ "ٹیک اینڈ پے" ( TAKE & PAY)کے اصول پر مذاکرات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ دیگر پاور پلانٹس کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ مہنگے ترین پاور پلانٹس میں ہالمور پاور شامل ہے جو HSD پر 61.2 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا کر رہا ہے، اس کے بعد سیف پاور اور سفائر الیکٹرک کمپنی HSD پر 60.8 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ اورینٹ پاور کمپنی HSD پر 60.2 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا کر رہی ہے جبکہ اینگرو پاورجن HSD پر 55.2 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کر رہا ہے۔ این پی پی ایم سی - بلوکی (CC) اور قیو اے ٹی پی ایل بھیکی (CC) HSD پر بالترتیب 53.2 اور 51.6 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی فراہم کر رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید