اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد)ریجنل ٹیکس آفس کراچی، فیصل آباد، حیدرآباد، سکھر کے 9 افسران ، اہلکار معطل،معطلی ایک ہی نوٹیفکیشن کے تحت کی گئی جو 120روز یا اگلے احکامات تک جاری رہے گی ، وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سول سرونٹس رولز 2020کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے9 افسران اور اہلکاروں کو معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ نوٹیفکیشن 3269۔آئی آر۔2024 کے مطابق ان افسران کی معطلی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور یہ 120 دن تک یا اگلے احکامات تک جاری رہے گی۔ معطل کئے گئے افسران میں محمد محسن خان اور ارشد محمود جو کراچی کے ریجنل ٹیکس آفس میں ان لینڈ ریونیو آفیسرز کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عبید اللہ بخش (انسپکٹر-آئی آر) اور منیر الحق (سینئر آڈیٹر) کو ریجنل ٹیکس آفس حیدرآباد سے معطل کیا گیا ۔ سر فراز احمد جو ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد میں آفس سپرنٹنڈنٹ تھے اور ذوالفقار علی مگسی جو سکھر کے ریجنل ٹیکس آفس میں انسپکٹر-آئی آر کے عہدے پر فائز تھے بھی معطل ہونے والوں میں شامل ہیں۔ محمد ارسلان یعقوب جو لاہور کے کارپوریٹ ٹیکس آفس میں یو ڈی سی کے طور پر تعینات تھے اور سید منصور حسین یوسفزئی کو ریجنل ٹیکس آفس حیدرآباد سے معطل کیا گیا ۔ ثقلین حیدر جو فیصل آباد کے ریجنل ٹیکس آفس میں ایل ڈی سی کے عہدے پر فائز تھے بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ یہ نوٹیفکیشن محمد ندیم، سیکنڈ سیکرٹری (ایم/ایچ آر۔ آئی آر۔ IV) نے جاری کیا ۔ اس کے ساتھ تمام متعلقہ محکموں، چیف کمشنرز اور دیگر متعلقہ دفاتر کو کاپی بھیج دی گئی ہے تاکہ اس نوٹیفکیشن پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔