• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک سے پولیو کے مکمل خاتمہ کا عزم ہے، وزیراعظم

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمہ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین انسداد پولیو مہم میں ورکرز کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں تاکہ ان بچوں کا مستقبل محفوظ ہو اور وہ توانا ہوکر ملک کے روشن مستقبل میں کردار کرسکیں۔ ہفتہ کو یہاں انسداد پولیو مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ پولیو کے خاتمہ کی مہم میں شراکت داری پر بل گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی ادارہ صحت اور سعودی عرب سمیت عالمی اداروں کے مشکور ہیں، پاکستان سمیت دیگرممالک کی بھرپور معاونت کرنے پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مختار برتھ اور عائشہ رضا فاروق کی نگرانی میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمہ کی یہ جنگ ہم جیتیں گےکوآرڈینیٹر مختار برتھ نے کہا کہ ملک میں پولیو کی اس سال کی یہ آخری مہم ہے جس میں چار لاکھ سے زائد پولیو ورکرز 16 سے 19 دسمبر تک بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔ انسداد پولیو پروگرام کی فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ آج سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم رواں سال کی آخری مہم ہے، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیوکے قطرے پلا کر رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا، یہ پولیو مہم 19 دسمبر تک جاری رہے گی۔ دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یونان میں جزیرے کے قریب کشتی ڈوبنے سے پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کی ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدا یت کی ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ایک اندوہناک جرم ہے جس کی وجہ سے کئی افراد کی جانیں جاتی ہیں اور ہر سال کئی گھر اجڑ جاتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید