مانچسٹر(ہارون مرزا) کوڑا کرکٹ پھینکنے بالخصوص سیگریٹ کے (بٹ) گرانے پرٹاؤن سنٹر میں بھاری جرمانے عائد کیے جانے کاانکشاف ہوا ہے ۔ایک شخص کو سیگریٹ کے بٹ گرانے اور بروقت جرمانے کی عدم ادائیگی پر عدالت سے مجموعی طور پر8سو پاؤنڈ کا بھاری جرمانہ عائد کر دیاگیا۔جرمانے ادا نہ کرنیوالوں کو عدالتی کارروائیوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیو ایڈنگٹن کروڈن کے کارل اسمتھ بروملے ٹاؤن سینٹر میں کوڑا کرکٹ پھینکنے کے جرم میں جرمانہ ادا کرنے میں ناکامی کے بعد عدالت میں پیش ہونے پر مجبور ہو گئے۔ اس پر 23مئی کو مارکیٹ اسکوائر میں سگریٹ کا بٹ گرانے اور ماحولیاتی تحفظ ایکٹ کے سیکشن 87کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسمتھ نے کل بروملے مجسٹریٹس کی عدالت میں جرم قبول کیا اور اسے293پاؤنڈ جرمانہ117پاؤنڈ کا سرچارج اور 423پاؤنڈ عدالتی اخراجات کی مد ادا کرنے کا حکم دیا گیا جس سے 833پاؤنڈ کا مجموعی جرمانہ اسکے ذمہ واجب الادا قرار پایاگیا۔بروملے کونسل نے ستمبر کے آغاز سے اب تک 12 افراد کو کوڑا کرکٹ پھینکنے پر مقدمہ چلایا ہے ملزمان نے6ہزار پاؤنڈ سے زائد ادائیگیاں کیں جو لوگ ابتدائی طورپر اپنے جرمانہ جمع کرانے سے گریز کرتے ہیں انہیں عدالتی کارروائی کے ذریعے بھاری رقم چکانا پڑتی ہے ۔کونسل کی طرف سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ غیر ضروری اشیاء کو کسی صورت گلیوں میں نہ پھینکا جائے بلکہ انہیں کوڑے دان میں رکھیں یا کوڑا کرکٹ گھر لے جائیں اور ڈسٹ بن میں ڈالیں ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ لیوشام میں ایک خاتون اور پنگٹن میں ایک مرد کو بورو میں سیگریٹ کے بٹ گرانے پر تقریبا8سو پاؤنڈ جرمانہ ادا کرنیکا حکم دیا گیا تھا۔ کنزرویٹو کونسلر انجیلا پیج ایگزیکٹیو کونسلر برائے پبلک پروٹیکشن اینڈ انفورسمنٹ نے ایوننگ اسٹینڈرڈ کو بتایاہم کسی کے خلاف مقدمہ چلانے کی خواہش نہیں رکھتے لیکن کوڑا کرکٹ ایک سنگین مسئلہ اور ایک مجرمانہ فعل ہے جس میں گلیوں‘سڑکوں کی صفائی کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں۔ لوگوں کو چا ہئے کہ وہ کوڑے دان کو تلاش کریں یا اپنا کوڑا کرکٹ گھر لے جائیں تعینات کردہ افسران اور عملہ کوڑا کرکٹ پھینکنے کا مشاہدہ کرتے ہیں جس کے بعد جرمانہ کا نوٹس جاری کیا جاتا ہے اگر وہ ادا نہیں کیا جاتا تو قانونی چارہ جوئی کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ بروملے کونسل کے ترجمان نے کہا ہے کہ رہائشیوں کی جانب سے کونسل کے پاس گلیوں کی صفائی کرنے والی ٹیمیں ہیں جو ہفتے میں سات دن پورے بورو میں کام کرتی اور ہماری گلیوں کو صاف ستھرا رکھتی ہیں۔