راولپنڈی( خصوصی نمائندہ)راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں گزشتہ روز بورڈ آف انٹر میڈییٹ انیڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور ایک پبلشر کے زیر اہتمام پنجاب میں امتحانات کو کنسیپچوئل اگزامینیشن میں منتقل کرنے بارے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے بچوں کی صحیح سمت میں تعلیم و تربیت کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیا۔ پروفیسر شازیہ نعیم نے کہا کہ ہمارے بچوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ۔ڈاکٹر نعیم نے کہا کہ پاکستان میں مواقع کی کوئی کمی نہیں۔ پالیسیاں حکومتیں بناتی ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا ۔وزیر تعلیم سکندر حیات نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے تمام مسائل آئندہ 3 ماہ میں حل کریں گے۔صرف تعلیم ہی اچھے شہری اور اچھے انسان پیدا کرسکتی ہے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے ہونہار سکارلر شپ کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں جلد ہونہار سکارلر شپ پروگرام کے حوالے سے تقریب منعقد کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے شروع کیا جانے والا ہونہار سکارلر شپ پروگرام پاکستان کا سب سے بڑا سکالر شپ پروگرام ہے۔