• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بین الصوبائی قائد اعظم گیمز،پنجاب69گولڈ میڈل کے ساتھ پہلی پوزیشن پر

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)بین الصوبائی قائد اعظم گیمزاسلام آباد کے چوتھے روزپنجاب پوائنٹس ٹیبل پر69گولڈ میڈل کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آ گیا۔پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام ہونیوالی تیسری بین الصوبائی قائد اعظم گیمز کے چوتھے روزپنجاب کے پہلوانوں نے تمام8کیٹیگریز میں گولڈ میڈلز جیت لئے ۔57 کلو گرام میں فراز،61کلو گرام میں عبدالرحمن ،65 کلوگرام میں عبداللہ ،71کلو گرام میں ابوعبید،74کلوگرام میں حسن علی،86کلو گرام میں امیر حمزہ ،97کلو گرام رانا فیضان علی اور125 گلوگرام میں محمدشمس نے گولڈ میڈلز جیتے۔ پنجاب کی والی بال گرلز ٹیم نے فائنل میں سندھ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد3-1 سے ہراکر گولڈ میڈل جیت لیا ۔ 800میٹر گرلز میں پنجاب کی بشری نے گولڈ جبکہ عائشہ نے براؤنز میڈل جیتا،400x4 میٹرریلے ریس میں پنجاب کے اتھلیٹس نے گولڈ میڈل جیت لیا ۔بیڈمنٹن میں پنجاب کی گرلزنے سندھ کو ہرا کر گولڈ میڈل جیتا ۔بیڈمنٹن بوائز ٹیم ایونٹ میں پنجاب نے ایک گولڈ اورایک سلور میڈل جیت لیا۔ ٹیبل ٹینس میں پنجاب نے مینز ڈبل میں ایک گولڈ، 2سلوراور 3براؤنز ،پنجاب نے تائیکوانڈو کے پومزے میں سندس زہرا اور طیب سرور نے گولڈ میڈل جبکہ عبداللہ نے براؤنز میڈل جیتا ۔ 400میٹر ریس بوائز میں پنجاب کے اتھلیٹ نے سلور اور پنجاب کی بوائز والی بال ٹیم نے سلور میڈل ،گرلز ہاکی سیمی فائنل میں پنجاب نے اسلام آبادکو 14-0 اوربوائز ہاکی سیمی فائنل میں پنجاب نے آزاد جموں کشمیر کو 10-0سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔پنجاب نے کبڈی لیگ میچ میں سندھ کو ہرادیا ۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری پنجاب او ر سندھ کے کبڈی میچ کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ بین الصوبائی قائد اعظم گیمز میں پنجاب نے فتوحات کا ریکارڈ قائم کردیا ہے،پنجاب کے تمام اتھلیٹس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ دریں اثناءپاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام جاری قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں اب تک مجموعی طور پر 351 میڈلز کے فیصلے ہوچکے ہیں، جن میں 102 گولڈ، 102 سلور اور147 برونز میڈلز شامل ہیں۔پنجاب نے مجموعی طور پر126 میڈلز جیتے، جن میں 62 گولڈ، 41 سلوراور 23 برونز میڈلز شامل ہیں۔خیبرپختونخوا نے 60 میڈلز حاصل کئے، جن میں 11 گولڈ،23 سلور اور 26 برونز میڈلز شامل ہیں۔سندھ کی ٹیم نے 46 میڈلز جیتے، جن میں 11 گولڈ، 15 سلور اور 20 برونز میڈلز شامل ہیں۔بلوچستان نے 45 میڈلز حاصل کئے جن میں 12 گولڈ، 10 سلور اور 23 برونز میڈلز شامل ہیں۔اسلام آباد نے مجموعی طور پر 40 میڈلز جیتے، جن میں 5 گولڈ، 6 سلور اور29 برونز میڈلز شامل ہیں۔آزاد جموں و کشمیر نے 22 میڈلز حاصل کئے جن میں 1 گولڈ، 5 سلور اور 16 برونز میڈلز شامل ہیں۔گلگت بلتستان نے 12 میڈلز جیتے، جن میں 2 گولڈ اور 10 برونز میڈل شامل ہیں۔ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈیاسرپیرزادہ نے کہا کہ گیمز کے دوران کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اسلام آباد سے مزید