• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونان، ہلاک پاکستانیوں کی تعداد 40، انسانی اسمگلرز کیخلاف ایکشن کریں، وزیراعظم

ایتھنز(نیوز ایجنسی) یونان میں گزشتہ دنوں کشتیوں کو حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی مجموعی تعداد 40تک پہنچ گئی، یونانی کوسٹ گارڈ نے سمندر میں ریسکیو آپریشن ختم کردیا، 35 لاپتہ افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا، ذرائع کے مطابق لیبیا میں پاکستانی و مقامی ایجنٹوں کے پاس یورپ جانے کے خواہشمند 5ہزار پاکستانی موجود ہیں۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے یونان کشتی حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کی مدعیت میں مزید دو مقدمات درج کرلیے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق مبینہ انسانی اسمگلر محمد حسن کو یونان کشتی حادثے کے بعد کریک ڈاؤن میں پھالیہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہبازشریف نے معصوم پاکستانیوں کو جھانسہ دے کر غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک بھجوانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ پاکستان کے لیے دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بنتی ہے، اسے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ انہوں نے گزشتہ ایک سال میں دنیا بھر میں ایسے تمام واقعات جن میں پاکستانی ملوث پائے گئے کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
اہم خبریں سے مزید