اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف اور عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کے درمیان قاہرہ میں D-8 سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اورباہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسیع اور گہرا کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت اور سفر کی سہولت کیلئے حالیہ اقدامات پر بنگلہ دیش کا شکریہ ادا کیا جس میں پاکستان سے آنے والے سامان کے 100 فیصد فزیکل معائنہ کی شرط کو ختم کرنا اور ڈھاکا ایئرپورٹ پر پاکستانی مسافروں کی جانچ پڑتال کے لئے قائم خصوصی سکیورٹی ڈیسک کو ختم کرنا شامل ہے۔ جمعرات کو جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین موجودہ خیر سگالی اور برادرانہ تعلقات کی حقیقی عکاس ہے۔ وزیر اعظم نے اقتصادی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے بالخصوص کیمیکلز، سیمنٹ کلینکر، آلات جراحی ، لیدر مصنوعات اور آئی ٹی سیکٹر جیسے شعبوں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے پاکستانی ویزا کے درخواست دہندگان کے لیے اضافی کلیئرنس کی شرط ختم کرنے پر بھی بنگلہ دیش کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے عوام سے عوام کے رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کی اہمیت کو تسلیم کیا جس میں فنکار، کھلاڑی، ماہرین تعلیم اور طلبا شامل ہیں ۔ دونوں رہنماؤں نے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان اور پاکستانی فنکاروں کے ڈھاکہ میں کنسرٹ کے انعقاد پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔