• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور بھارت 3 سال ایک دوسرے کی سرزمین پر کرکٹ نہیں کھیلیں گے، پاکستان کا فیوژن ماڈل منظور

کراچی(عبدالماجدبھٹی)شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور کئی ہفتوں کے مذاکرات اور طویل انتظار کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے بالاخر اعلان کردیا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گاپاکستان کا فیوژن ماڈل مان لیا گیا۔پاکستان اور بھارت اگلے تین سال ایک دوسرے ملکوں میں کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔ بھارت ،پاکستان نہیں آئے گا اور اپنے تمام میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا پاکستان کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ نیوٹرل وینیو کے انتخاب کرے۔دبئی کے علاوہ ڈھاکا اور کولمبو کے ناموں پر غور ہورہا ہے ممکنہ طور پر ٹورنامنٹ 19 فروری سے9 مارچ تک ہوگا۔ تیسرے ملک میں میچ کرانے کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی مشاورت سےکرنا ہے۔آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 2028 میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان کو دی جا رہی ہے اور اس ٹورنامنٹ میں بھی یہی فارمولا لاگو ہو گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ 23فروری کو کھیلا جائےگا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اگلے تین سال بھارت میں کسی بھی قسم کی کرکٹ نہیں کھیلے گی۔شکوک شبہات کے بادل چھٹنے کے بعدجمعرات کو اعلان کیا گیا کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت اب 2027 تک ان دونوں ممالک میں ہونے والے کسی بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ میں اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر ہی کھیلیں گے۔پلان کے مطابق آئی سی سی بورڈ نے19دسمبر کو اس امر کی منظوری دی ہے کہ 2024سے 2027کے دوران پاکستان اوربھارت میں منعقد ہونے والے آئی سی سی کے ایونٹس میں یہ دونوں ممالک اپنے میچ ایک غیرجانبدار مقام پر کھیلیں گے۔اور اس کے بدلے میں بھارت کی میزبانی میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان سے متعلق تمام میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی بورڈ کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق پاکستان میں ہونے والی 2025کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور بھارت میں ہونے والے 2025 کے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے علاوہ 2026کے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ پر بھی ہو گا جس کی مشترکہ میزبانی بھارت ور سری لنکا کے پاس ہے۔جس کا مطلب یہ ہوا کہ پاکستان کے تمام میچ سری لنکا میں ہوں گے پی سی بی کی جانب سے تاحال باضابطہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم پی سی بی کے حکام نے تصدیق کی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی فیوژن ماڈل کے تحت منعقد کروانے پر مشروط رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید